Banner

بیوروکریسی ریاستی نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہے،ظہور بلیدی

Share

Share This Post

or copy the link


صوبائی وزیر ترقیات و منصوبہ بندی میر ظہور بلیدی نے کہا ہے کہ بیوروکریسی کسی بھی ریاستی نظام کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور عوامی مسائل کے حل، پالیسیوں پر عملدرآمد اور حکومتی امور کی بہتری میں اس کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کے پیچیدہ داخلی اور انتظامی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سرکاری افسران پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، جنہیں پیشہ ورانہ مہارت، دیانت داری اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ نبھانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) کوئٹہ کے 46ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس (MCMC) کی پروقار اختتامی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ بلوچستان کو سماجی و اقتصادی ترقی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور عوامی فلاح و بہبود کے شعبوں میں متعدد چیلنجز درپیش ہیں، جن کے حل میں بیوروکریسی کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور صوبے کی ترقی کے لیے انتظامی افسران کی مثر کارکردگی ناگزیر ہے۔ ظہور بلیدی نے کہا کہ بیوروکریسی مجموعی طور پر اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دے رہی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کورس کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تربیتی پروگرام افسران کو نہ صرف نئی مہارتیں اور جدید انتظامی طریقہ کار سکھاتے ہیں بلکہ انہیں اپنے تجربات ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرنے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے نیپا جیسے اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں حاصل ہونے والا علم عملی زندگی میں بہتر فیصلوں کا سبب بنتا ہے۔ صوبائی وزیر نے کورس مکمل کرنے والے تمام افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اس تربیت کو اپنی سرکاری خدمات میں بروئے کار لاتے ہوئے عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنائیں گے کیونکہ تربیت یافتہ افسران ہی بہتر طرزِ حکمرانی، شفافیت اور عوامی اعتماد کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ تقریب کے آغاز میں ڈائریکٹر جنرل نیپا کوئٹہ سید علی رضا شاہ نے ادارے کی کارکردگی کا احاطہ کیا، جبکہ اے ڈی نیپا محمد اسلم غنی نے مڈ کیریئر کورس اور اس کے انتظامات پر مہمانِ خصوصی کو تفصیلی بریفنگ دی۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر میر ظہور بلیدی نے کورس کامیابی سے مکمل کرنے والے شرکا میں اسناد تقسیم کیں۔

بیوروکریسی ریاستی نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہے،ظہور بلیدی

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Install App

By installing our application, you can access our content faster and easier.

Login

Daily Sahafat Quetta Log in or create an account now to benefit from its privileges, and its completely free.!

Follow us