Banner

کوہ سلیمان ڈویژن کی ترقی وزیراعلیٰ بلوچستان کے وژن کا حصہ ہے،چیف سیکرٹری بلوچستان

Share

Share This Post

or copy the link


وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں کمشنر کوہِ سلیمان ڈویژن، مجیب الرحمٰن قمبرانی نے رکھنی کو بلوچستان کے ایک جدید، منظم اور ماڈل ڈویژنل شہر کے طور پر ترقی دینے کے حوالے سے ایک جامع بریفنگ دی۔

اجلاس کے دوران کمشنر کوہِ سلیمان ڈویژن نے رکھنی کے لیے تیار کیے گئے مربوط ماسٹر پلان، مستقبل کی شہری ضروریات، ادارہ جاتی تقاضوں، معاشی امکانات اور عوامی سہولیات پر مبنی ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات پیش کیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ رکھنی کو نہ صرف کوہِ سلیمان ڈویژن کے انتظامی مرکز بلکہ بلوچستان کے ایک مثالی اور پائیدار شہری ماڈل کے طور پر ترقی دینے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

اجلاس میں متعدد اہم اور عوام دوست ترقیاتی منصوبوں کی اصولی منظوری دی گئی جن میں جدید ڈویژنل سیکریٹریٹ کمپلیکس، سیف سٹی رکھنی منصوبہ، لائیوسٹاک اکنامک زون، سپورٹس اینڈ ریکریشن کمپلیکس، جدید سڑکوں کا جال، سیوریج و سینیٹیشن منصوبے، چھوٹے و درمیانے آبی ذخائر (ڈیمز)، زرعی ترقیاتی اقدامات، انٹیگریٹڈ بس و ٹرک ٹرمینل، ووکیشنل و ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹس، گرین بیلٹس، شہری خوبصورتی کے منصوبے، صحت و تعلیم کے جدید مراکز اور دیگر بنیادی عوامی سہولیات کے منصوبے شامل ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے رکھنی ایک جدید، منظم، محفوظ اور معاشی طور پر متحرک شہر میں تبدیل ہو جائے گا جو نہ صرف کوہِ سلیمان ڈویژن بلکہ پورے بلوچستان کے لیے ایک مثالی ترقیاتی ماڈل ثابت ہوگا۔ منصوبوں کے نتیجے میں ہزاروں افراد کے لیے براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ زراعت، لائیوسٹاک، تجارت، ٹرانسپورٹ، خدمات اور چھوٹے کاروباروں کے شعبوں میں نئی معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مجوزہ ترقیاتی اقدامات سے ضلع بارکھان، کوہلو اور ضلع اُوپر ڈیرہ بگٹی سمیت پورے کوہِ سلیمان ڈویژن کے عوام مستفید ہوں گے اور علاقے میں سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ بہتر شہری منصوبہ بندی، جدید انفراسٹرکچر اور مؤثر انتظامی نظام کے ذریعے عوام کو معیاری خدمات کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔

چیف سیکریٹری بلوچستان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کا وژن صوبے کے پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں کو ترقی کے قومی دھارے میں شامل کرنا ہے اور حکومت بلوچستان اس وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منظور شدہ منصوبوں کی تفصیلی منصوبہ بندی اور عملدرآمد کے لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون سے کام کریں تاکہ ترقیاتی ثمرات جلد از جلد عوام تک پہنچ سکیں۔

چیف سیکریٹری بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے وژن کو من و عن نافذ کیا جائے گا اور رکھنی کو ایک جدید، خوبصورت، محفوظ اور ترقی یافتہ ماڈل ڈویژنل شہر جبکہ کوہِ سلیمان ڈویژن کو بلوچستان کی پائیدار اور متوازن ترقی کی ایک نمایاں مثال بن جائے گا-

کوہ سلیمان ڈویژن کی ترقی وزیراعلیٰ بلوچستان کے وژن کا حصہ ہے،چیف سیکرٹری بلوچستان

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Install App

By installing our application, you can access our content faster and easier.

Login

Daily Sahafat Quetta Log in or create an account now to benefit from its privileges, and its completely free.!

Follow us