Banner

پرنٹ میڈیا کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

Share

Share This Post

or copy the link

پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سینئر ڈپٹی چیئرمین اور سابق سینیٹر رضا محمد رضا، صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے ، صوبائی سیکریٹری اول فقیر خوشحال کاسی نے کہا ہے کہ پرنٹ میڈیا کے خلاف کسی بھی قسم کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور صوبے میں آزادیٔ صحافت، جمہوری اقدار اور فکری آزادی کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر بھرپور جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پرنٹ میڈیا سیاسی شعور، جمہوری روایات، قومی فکر اور عوامی آگاہی کی بنیاد ہے، جبکہ میڈیا کی آزادی ہی ریاست اور عوام کے درمیان مضبوط اور مؤثر رابطے کی ضمانت فراہم کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان پرنٹ میڈیا ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت چیئرمین بلوچستان پرنٹ میڈیا ایسوسی ایشن سید انور شاہ کر رہے تھے، جبکہ وفد میں ڈاکٹر ناشناس لہڑی، میر فاروق لانگو، عاطف خان سدوزئی، کلیم صادق اور سردار شاہ زمان پرکانی شامل تھے۔ ملاقات میں بلوچستان کابینہ کے حالیہ فیصلوں، مقامی اخبارات کو درپیش سنگین مسائل، اشتہارات کی بندش، مالی بحران اور صحافتی اداروں کے مستقبل سے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر پارٹی رہنما صوبائی ڈپٹی سیکریٹری باز پشتون، مرکزی کمیٹی کے رکن عبدالعلی اچکزئی، ضلع مالیات سیکریٹری باچا خان اور دیگر موجود تھے۔وفد نے پارٹی قیادت کو آگاہ کیا کہ حکومتی پالیسیوں اور حالیہ اقدامات کے نتیجے میں بلوچستان کے ہزاروں صحافیوں، ہاکرز، کمپوزرز، پرنٹنگ پریس سے وابستہ کارکنوں اور دیگر ملازمین کے بے روزگار ہونے کا شدید خدشہ پیدا ہو چکا ہے۔ وفد نے کہا کہ اگر پرنٹ میڈیا کو دیوار سے لگانے کی کوشش جاری رہی تو اس کے نہایت منفی اثرات مرتب ہوں گے، کیونکہ بلوچستان جیسے وسیع، پسماندہ اور دور افتادہ صوبے میں مقامی اخبارات عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور ریاست و عوام کے درمیان رابطے کا سب سے مؤثر ذریعہ ہیں۔ اس موقع پر صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادیٔ صحافت ہر مہذب، جمہوری اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا پر قدغنیں لگانے یا اظہارِ رائے کے راستے بند کرنے سے معاشروں میں بے چینی، مایوسی اور سیاسی عدم استحکام جنم لیتا ہے، جو کسی بھی ریاست کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے پرنٹ میڈیا نے ہمیشہ عوامی مسائل، قومی حقوق اور جمہوری آوازوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، اس لیے اسے کمزور کرنے کی ہر کوشش دراصل جمہوری اقدار پر حملے کے مترادف ہوگی۔ مرکزی سینئر ڈپٹی چیئرمین رضا محمد رضا نے کہا کہ پرنٹ میڈیا صرف خبروں کی ترسیل کا ذریعہ نہیں بلکہ سیاسی شعور، فکری ارتقاء اور سماجی بیداری کا مؤثر ترین ہتھیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی تمام بڑی سیاسی، جمہوری تحریکوں کے پس منظر میں قلم، کتاب اور صحافت کا بنیادی کردار رہا ہے۔ ان کے بقول آج بھی پرنٹ میڈیا کا کوئی حقیقی متبادل موجود نہیں کیونکہ تحریر انسان کے شعور، فکر اور سیاسی بصیرت کو مضبوط بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بعض استعماری اور غیر جمہوری طرزِ فکر کو فروغ دینے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن ایسے تمام اقدامات ناکام ہوں گے کیونکہ عوام سیاسی شعور رکھتے ہیں اور آزادیٔ اظہار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پشتونخوا عوامی نیشنل پارٹی کی سیاسی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ پارٹی نے ہر دور میں آزادیٔ صحافت، جمہوری حقوق اور عوامی آواز کے تحفظ کے لیے جدوجہد کی ہے، اور آئندہ بھی صحافی برادری کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ صوبائی سیکریٹری اول فقیر خوشحال کاسی، صوبائی ڈپٹی سیکریٹری باز پشتون، مرکزی کمیٹی کے رکن عبدالعلی اچکزئی اور ضلع مالیات سیکریٹری باچا خان نے بھی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کا پرنٹ میڈیا انتہائی مشکل حالات کے باوجود عوامی مسائل کو اجاگر کر رہا ہے اور اس کی بقا دراصل جمہوری معاشرے کی بقا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ میڈیا دشمن پالیسیوں سے گریز کرے، اخبارات کو درپیش مالی مشکلات کے حل کے لیے عملی اقدامات کرے اور صحافتی اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے سنجیدہ حکمت عملی اختیار کرے۔ رہنماؤں نے کہا کہ اگر پرنٹ میڈیا کمزور ہوا تو نہ صرف ہزاروں خاندان متاثر ہوں گے بلکہ دور دراز علاقوں کے عوام کی آواز بھی دب جائے گی، جو کسی بھی جمہوری نظام کے لیے نقصان دہ ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پشتونخوا عوامی نیشنل پارٹی صحافیوں، قلمکاروں اور میڈیا ورکرز کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور آزادیٔ صحافت کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی۔ ملاقات کے اختتام پر پارٹی قیادت نے بلوچستان کے پرنٹ میڈیا نمائندوں کو ہر سطح پر مکمل تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صحافت، جمہوریت اور آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ وفد نے پارٹی قیادت کی بھرپور حمایت، یکجہتی اور مثبت مؤقف پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

پرنٹ میڈیا کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Install App

By installing our application, you can access our content faster and easier.

Login

Daily Sahafat Quetta Log in or create an account now to benefit from its privileges, and its completely free.!

Follow us