Banner

نیشنل یوتھ سمٹ گوادر

نیشنل یوتھ سمٹ گوادر
Share

Share This Post

or copy the link

تحریر ،خلیل رونجھو

نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں کیونکہ مستقبل کی تعمیر و ترقی کی ذمہ داری انہی کے کندھوں پر ہوتی ہے۔ یہی طبقہ کسی بھی ملک میں تبدیلی، جدت اور خوشحالی کا اصل محرک سمجھا جاتا ہے۔ اس لیے حکومتوں کی یہ بنیادی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ نوجوانوں کی بہتر تعلیم، فنی تربیت، رہنمائی اور فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اور دیرپا اقدامات کریں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مثبت اور تعمیری انداز میں بروئے کار لا سکیں۔
بلوچستان ایک وسیع و وسائل سے مالا مال صوبہ ہے جہاں ماضی میں کئی چیلنجز اور مسائل موجود رہے، تاہم حالیہ عرصے میں صورتحال میں واضح بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔ نوجوانوں میں آگے بڑھنے کا جذبہ اور خود اعتمادی نمایاں طور پر بڑھ رہی ہے۔ حکومتِ بلوچستان کی جانب سے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے مختلف یوتھ پروگرامز، اسپورٹس ایونٹس، تربیتی ورکشاپس اور تعلیمی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان اقدامات کا بنیادی مقصد نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں منفی رجحانات سے دور رکھنا ہے۔
محکمہ امور نوجوانان و کھیل بلوچستان اس حوالے سے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ اس محکمے کی کوششوں سے صوبے بھر میں تربیتی سیشنز، یوتھ پروگرامز اور آگاہی مہمات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ خاص طور پر دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کو مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جس سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے اور وہ اپنی صلاحیتوں کا بہتر اظہار کر رہے ہیں۔
اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی نیشنل یوتھ فیسٹیول/سمٹ گوادر 2026 ہے، جو حکومتِ بلوچستان اور محکمہ امور نوجوانان و کھیل کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ اس ایونٹ میں ملک بھر سے 300 سے زائد نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا گیا تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر سکیں اور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھ سکیں۔ اس سمٹ میں مختلف تعلیمی، ثقافتی اور ٹیکنالوجی سے متعلق سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا، ملک کے ماہر ریسورس پرسز و موٹیویشنل اسپیکرزکو مدعو کیا گیا تھا ،ایونٹ میں مکالماتی نشستیں، تربیتی سیشنز، ایکسچینج وزٹ، این جی اوز کے اسٹالز اور آئی ٹی ورکشاپس شامل تھیں۔ ان سرگرمیوں نے نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
اس موقع پر آرٹیفشل انٹیلیجنس، انٹرپرینیورشپ، ویمن امپاورمنٹ اور کلائمیٹ ایکشن پروجیکٹس جیسے اہم اور عصری موضوعات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ مقررین اور ماہرین نے ان موضوعات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے آگاہی، کاروباری سوچ کی ترویج، خواتین کو بااختیار بنانے کے مواقع اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات نہایت ضروری ہیں۔ اس سیشن کا مقصد نوجوانوں میں شعور بیدار کرنا اور انہیں ان شعبوں میں عملی طور پر آگے بڑھنے کی ترغیب دینا تھا تاکہ وہ مستقبل میں ملک و قوم کی ترقی میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔
اس فیسٹیول میں مختلف تنظیموں کے اسٹالز بھی لگائے گئے جن میں بلوچستان رول سپورٹ پروگرام سمیت دیگر ادارے شامل تھے۔ ان اسٹالز نے نوجوانوں کو آگاہی اور سیکھنے کے نئے مواقع فراہم کیے۔
اس ایونٹ کی ایک خاص اور منفرد جھلک “اردو اے آئی” کا اسٹال تھا، جسے لسبیلہ کی سماجی تنظیم وانگ کے نوجوانوں نے پیش کیا۔ اس کا مقصد نوجوانوں کو اپنی قومی زبان اردو میں جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے روشناس کرانا تھا۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے اور انہیں جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر زور دیا گیا۔ اس دوران اردو اے آئی کے حوالے سے خصوصی سیشنز بھی منعقد کیے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور حکومت ان کی صلاحیتوں کو عالمی سطح تک لے جانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے خواتین اور نوجوانوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
سیکرٹری امور نوجوانان درا بلوچ نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کو بھی مواقع فراہم کیے جائیں اور انہیں فنی مہارتوں سے آراستہ کیا جائے تاکہ وہ بہتر مستقبل کی طرف بڑھ سکیں۔
ڈائریکٹر الیاس شاد بلوچ نے اس ایونٹ کو نوجوانوں کے جذبے اور صلاحیتوں کا عکاس قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرامز مستقبل میں بھی جاری رہیں گے تاکہ نوجوانوں کی توانائی کو مثبت سمت دی جا سکے۔

نیشنل یوتھ سمٹ گوادر 2026 کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان محب وطن ہیں اور انہیں منفی پروپیگنڈے کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کے ساتھ اعتماد بحال کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور میرٹ، شفافیت اور گڈ گورننس کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کو مثبت سمت میں آگے بڑھانے کے لیے حکومت مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔
یہ سمٹ نہ صرف ایک کامیاب ایونٹ ثابت ہوا بلکہ اس نے بلوچستان اور ملک بھر کے نوجوانوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر اکٹھا کر کے ان کے اعتماد، شعور اور صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔ یہ اقدام اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اگر نوجوانوں کو صحیح رہنمائی اور مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ ملک و قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت بن سکتے ہیں۔

نیشنل یوتھ سمٹ گوادر

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Install App

By installing our application, you can access our content faster and easier.

Login

Daily Sahafat Quetta Log in or create an account now to benefit from its privileges, and its completely free.!

Follow us