Banner

بلوچستان میں موسلادھار بارش، 2افراد جاں بحق، فصلیں تباہ

featured
Share

Share This Post

or copy the link

صوبہ بلوچستان میں موسلا دھار بارشوں اور بعض علاقوں میں ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ شدید بارشوں کے نتیجے میں ضلع کیچ میں مختلف حادثات کے دوران دو افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ کوہلو اور ہرنائی میں چھتیں گرنے کے واقعات میں ایک بچی سمیت دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر قریبی طبی مراکز منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔خاران، تربت، کیچ، نوشکی اور پنجگور سمیت متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ڑالہ باری کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، جس کے نتیجے میں کچے مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ کئی دیہی رابطہ سڑکیں بھی متاثر ہوئیں۔ بعض علاقوں میں زرعی زمینیں زیر آب آنے سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں، جس پر کاشتکاروں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بھی گزشتہ شب سے وقفے وقفے سے جاری بارش کے باعث نکاسی آب کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔ متعدد نالے اور نالیاں بند ہونے سے پانی سڑکوں پر جمع ہو گیا، جس کے باعث شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی جبکہ نشیبی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہونے کی شکایات بھی سامنے آئیں۔پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور امدادی ٹیمیں تیار حالت میں موجود ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔دوسری جانب مستونگ کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے آب گل، غلام پڑینز، آماچ اور دیگر پہاڑی و تفریحی مقامات پر پکنک منانے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ خراب موسمی صورتحال کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں آئندہ چند روز کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان برقرار ہے۔ نوشکی، مستونگ، قلات، سوراب، کوئٹہ، چمن، ڑوب، شیرانی اور بولان سمیت مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے جبکہ بعض مقامات پر ڑالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پسنی میں 36 ملی میٹر، اورماڑہ میں 19 ملی میٹر اور پشین میں 11 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ ڑوب اور کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا موجودہ سلسلہ 29 مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔دریں اثنا مختلف شہروں میں کم سے کم درجہ حرارت بھی ریکارڈ کیا گیا، جن کے مطابق کوئٹہ اور قلات میں 9 ڈگری سینٹی گریڈ، زیارت میں 6، ڑوب میں 10، سبی میں 17، تربت اور نوکنڈی میں 20 جبکہ ساحلی علاقوں گوادر اور جیوانی میں بالترتیب 22 اور 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث بارشوں کے پیٹرن میں شدت آ رہی ہے، جس کے پیش نظر شہری و دیہی انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنانے اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں نقصانات سے بچا جا سکے۔

بلوچستان میں موسلادھار بارش، 2افراد جاں بحق، فصلیں تباہ

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Install App

By installing our application, you can access our content faster and easier.

Login

Daily Sahafat Quetta Log in or create an account now to benefit from its privileges, and its completely free.!

Follow us