رمضان عید بازار بیلہ
ہنر، ثقافت اور خواتین خودمختاری کا عظیم سنگم
تحریر، اسلم گدور
گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج بیلہ جو عام دنوں میں علم کی شمع سے نوجوان نسل کی پیاس بجھانے کا مقدس فریضہ سرانجام دیتا ہے، گزشتہ اتوار ایک بالکل مختلف اور دلکش منظر پیش کر رہا تھا۔ دھوپ کی سنہری کرنیں کالج کے سرسبز لان پر بکھری ہوئی تھیں اور فضا میں رنگا رنگ دستکاری، دیسی پکوانوں اور ثقافتی رنگوں کی خوشبو گھلی ہوئی تھی۔ یوں محسوس ہوتا تھا جیسے بیلہ کی سرزمین پر ہنر، ذوق اور خوشیوں کا کوئی دلکش میلہ اتر آیا ہو۔ بیلہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ “رمضان عید بازار” نہایت شان و شوکت، مثالی نظم و ضبط اور خواتین کے بے مثال جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوا۔ یہ ایک روزہ تاریخی فیسٹیول خصوصی طور پر خواتین کے لیے مختص تھا، جس میں ضروریاتِ زندگی کی اشیاء، ملبوسات، دستکاری، روایتی کھانے، بینکس، مختلف این جی اوز اور ہنرمند شخصیات کے منفرد اسٹالز نے اس ایونٹ کو علم، ذائقہ، ہنر اور ثقافت کا حسین امتزاج بنا دیا۔ بلوچی کشیدہ کاری، نفیس ہاتھوں کی بنی دستکاریوں اور تخلیقی شاہکاروں نے مقامی خواتین کے صبر، محنت، مہارت اور جمالیاتی ذوق کو چار چاند لگا دیے۔ دیسی گھی، خالص شہد اور روایتی کھانوں کے اسٹالز سے اٹھتی اشتہا انگیز خوشبوؤں نے فضا کو معطر رکھا اور خریداروں کا رش مسلسل بڑھتا رہا۔ ہر طرف خریداری، مسکراہٹیں اور حوصلہ افزائی کا منظر تھا خواتین نے نہ صرف خریداری کی بلکہ مقامی ہنرمندوں کی بھرپور حوصلہ افزائی بھی کی۔ اس تاریخی ایونٹ کے پس منظر میں جام محمد فاونڈیشن کی شبانہ روز محنت، وژن اور عوام دوست سوچ کارفرما تھی۔ یہ فاؤنڈیشن پہلے ہی فلاحی سرگرمیوں، سماجی خدمات اور عوامی بھلائی کے منصوبوں میں نمایاں مقام رکھتی ہے، مگر اس نوعیت کے شاندار اور منظم ایونٹ کے انعقاد نے ثابت کر دیا کہ جام محمد فاؤنڈیشن صرف خدمت تک محدود نہیں بلکہ سماجی و معاشی ترقی کے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے جام محمد فاؤنڈیشن کے سرپرست اعلیٰ جام أف لسبیلہ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان عالیانی کی مدبرانہ قیادت، وسیع النظری اور ترقی پسند سوچ اس ایونٹ کی روح محسوس ہوئی۔ جام کمال کا وژن ہمیشہ سے بیلہ اور بلوچستان کے عوام کی فلاح، خودمختاری اور خوشحالی کے گرد گھومتا رہا ہے۔ ان کی سرپرستی نے اس تقریب کو نہ صرف وقار بخشا بلکہ اسے ایک مثالی سماجی ماڈل بنا دیا جسے آنے والے وقتوں میں یاد رکھا جائے گا۔ خصوصی طور پر جام محمد فاؤنڈیشن کے پروجیکٹ مینیجر فیضان عزیز بلوچ کی انتھک محنت، بہترین انتظامی صلاحیت اور باریک بینی قابلِ صد تحسین ہے انہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ دن رات محنت کرکے اس ایونٹ کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ ان کی قیادت میں تحصیل بیلہ یونٹ انچارج فراس رحمان بلوچ کی بھرپور کاوشوں و دیگر جے ایم ایف رضاکار ٹیم کے مربوط حکمت عملی، بہترین پلاننگ اور شاندار مینجمنٹ نے بیلہ کی خواتین کے لیے ایک محفوظ، باوقار اور مثالی پلیٹ فارم مہیا کیا۔ یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ فیضان عزیز بلوچ کی پیشہ ورانہ مہارت و ٹیم کے مخلصانہ کاوشوں نے اس تقریب کو ایک یادگار سنگِ میل بنا دیا۔
ایونٹ کے دوران شرکاء کی بڑی تعداد نے اپنے تاثرات میں کہا کہ جام محمد فاؤنڈیشن فلاحی کاموں کے ساتھ ساتھ اس نوعیت کے سماجی و ثقافتی ایونٹس منعقد کرکے بیلہ کے عوام کے دل جیت رہی ہے۔ کئی خواتین کا کہنا تھا کہ یہ بازار صرف خریداری کا موقع نہیں بلکہ اعتماد، حوصلہ افزائی اور خودمختاری کا ذریعہ بنا۔ نوجوان بچیوں اور بچوں نے بھی خواہش ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے ایونٹس باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں تاکہ بیلہ میں خوشیوں اور مثبت سرگرمیوں کا تسلسل قائم رہے۔ سیکیورٹی کے حوالے سے ایس ایچ او بیلہ احد بلوچ نے میل و فیمیل کانسٹیبلز کے ہمراہ مثالی حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جس سے شرکاء نے خود کو محفوظ اور پُراعتماد محسوس کیا۔ ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون نے بھی اس تقریب کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ بلاشبہ، جام محمد فاؤنڈیشن کی پوری ٹیم کی لگن، محنت اور خلوص نے یہ ثابت کر دیا کہ اگر نیت صاف ہو اور قیادت مخلص ہو تو ایک چھوٹے شہر میں بھی بڑے خواب شرمندۂ تعبیر ہو سکتے ہیں۔ “رمضان عید بازار” صرف ایک تقریب نہیں تھا بلکہ بیلہ کی خواتین کے اعتماد، ہنر اور معاشی خودمختاری کی جانب ایک روشن قدم تھا۔ یہ ایونٹ بیلہ کی سماجی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا اور اس کے پس منظر میں جام محمد فاؤنڈیشن کا نام ہمیشہ عزت و وقار کے ساتھ لیا جائے گا۔



