Banner

تعلیمی معیار میں بہتری اولین ترجیح، غفلت برداشت نہیں ہوگی، حسیب شجاع

Share

Share This Post

or copy the link

لورالائی(میاں محمدعامربشیرآرائیں)ضلع میں تعلیمی نظام کی بہتری، اساتذہ کی حاضری اور سکولوں کی فعالیت کو یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا ایک اہم اور تفصیلی ماہانہ اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلعی محکمہ تعلیم کی مجموعی کارکردگی، جاری تعلیمی سرگرمیوں اور درپیش مسائل کا جامع جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) نور علی کاکڑ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبد الحمید ابڑو، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر محمد زبیر، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن (فیمیل) فوزیہ درانی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن (فیمیل) قمر سلطانہ، ڈسٹرکٹ منیجر عبید ترین، آر ٹی ایس ایم محمد خان سمیت یونیسیف کے نمائندوں نے شرکت کی، جبکہ مختلف شعبہ جات کے افسران نے بھی اجلاس میں اپنی رپورٹس پیش کیں۔
اجلاس کے دوران ضلع بھر میں جاری داخلہ مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور سکولوں میں نئے داخلوں کی شرح بڑھانے کے لیے مؤثر حکمتِ عملی پر غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ اساتذہ کی حاضری، درسی کتب کی بروقت فراہمی، کلسٹر بجٹ کے شفاف استعمال، زیرِ تعمیر سکولوں کی بروقت تکمیل، خستہ حال عمارتوں کی مرمت، غیر فعال اور بند سکولوں کی بحالی، سکولوں میں بنیادی سہولیات جیسے چار دیواری اور بیت الخلاء کی دستیابی، اساتذہ کی کمی، اور ٹرانسفر و پوسٹنگ جیسے اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔محکمہ تعلیم کے حکام نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ غیر حاضر اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، جس میں تنخواہوں میں کٹوتی سمیت دیگر تادیبی اقدامات شامل ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے مانیٹرنگ کا نظام مزید مضبوط اور فعال بنایا جا رہا ہے تاکہ تعلیمی نظم و ضبط کو بہتر بنایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ ضلع میں تعلیمی معیار کی بہتری اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی غیر حاضری ناقابلِ قبول ہے اور اس کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے طلبہ کی معیاری تعلیم و تربیت پر مکمل توجہ دیں کیونکہ یہی بچے مستقبل میں ملک و قوم کی ترقی کا ذریعہ بنیں گے۔انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران اور آر ٹی ایس ایم کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر سکولوں کے دورے کریں، اساتذہ کی حاضری کی نگرانی کریں اور تعلیمی سرگرمیوں کو مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے ہدایت کی کہ داخلہ مہم کو مزید فعال بنانے کے لیے عوامی آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو سکولوں میں داخل کیا جا سکے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ غیر فعال سکولوں کو فوری طور پر فعال کرنے کے لیے عملی اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔ یونیسیف کے نمائندوں نے تعلیم کے فروغ اور بہتری کے لیے اپنی تکنیکی معاونت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
آخر میں ڈپٹی کمشنر نے اعلان کیا کہ آئندہ ماہ ایک بار پھر اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں تمام اہداف اور کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، اور ناقص کارکردگی دکھانے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

تعلیمی معیار میں بہتری اولین ترجیح، غفلت برداشت نہیں ہوگی، حسیب شجاع

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Install App

By installing our application, you can access our content faster and easier.

Login

Daily Sahafat Quetta Log in or create an account now to benefit from its privileges, and its completely free.!

Follow us