Banner

جنگی صورتحال: حکومت کی نئی کفایت شعاری پالیسی منظور

featured
Share

Share This Post

or copy the link

اسلام آباد: جنگی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے اضافی کفایت شعاری اقدامات کی منظوری دے دی ہے، جن کے تحت وزراء، مشیروں اور اعلیٰ سرکاری افسران کی تنخواہوں میں کٹوتی اور غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں قومی کفایت شعاری پالیسی کی منظوری دی گئی، جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ اجلاس میں طے پایا کہ یہ فیصلے تمام وزارتوں، سرکاری محکموں، خودمختار اداروں، پارلیمنٹ اور عدلیہ پر یکساں لاگو ہوں گے۔

حکومت نے جون 2026 تک نئی پائیدار اشیا اور سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ آئی ٹی آلات کی خریداری صرف متعلقہ اداروں کی جانچ اور منظوری کے بعد ممکن ہوگی۔

اس کے علاوہ کابینہ ارکان، ارکانِ پارلیمنٹ اور سرکاری افسران کے غیر ملکی سرکاری دوروں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ناگزیر دوروں کے سوا کسی بھی سرکاری بیرونِ ملک سفر کی اجازت نہیں ہوگی اور اگر سفر ضروری ہوا تو تمام حکومتی عہدیدار اکانومی کلاس میں سفر کریں گے۔

حکومت نے دو ماہ کے لیے سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں 50 فیصد کمی کا فیصلہ بھی کیا ہے، تاہم سرکاری بسوں، ایمبولینس اور دیگر آپریشنل گاڑیوں کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ اس اقدام سے وفاقی سطح پر تقریباً ساڑھے چار ارب روپے کی بچت متوقع ہے جبکہ 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو دو ماہ کے لیے گراؤنڈ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

کفایت شعاری اقدامات کے تحت سرکاری ضیافتوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور سیمینارز، ٹریننگز اور کانفرنسز کے انعقاد سے قبل خصوصی کمیٹی کی منظوری لازمی قرار دی گئی ہے۔ اخراجات کم کرنے کے لیے ٹیلی کانفرنسنگ اور ورچوئل میٹنگز کو فروغ دینے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ وفاقی اور صوبائی کابینہ کے تمام وزراء، مشیر اور معاونین خصوصی رضاکارانہ طور پر دو ماہ کی تنخواہ اور الاؤنسز چھوڑ دیں گے جبکہ گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے سرکاری افسران، جن کی تنخواہ تین لاکھ روپے سے زائد ہے، کی دو دن کی تنخواہ کٹوتی کی جائے گی۔

جنگی صورتحال: حکومت کی نئی کفایت شعاری پالیسی منظور

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Install App

By installing our application, you can access our content faster and easier.

Login

Daily Sahafat Quetta Log in or create an account now to benefit from its privileges, and its completely free.!

Follow us