ضلع زیارت کی بقا کا تاریخی معرکہ: گیس اور بجلی کی فوری بحالی، جنگلات اور جنگلی حیات کا مکمل تحفظ

featured
Share

Share This Post

or copy the link

تحریر: جلیل خان ترین
زیارت پاکستان کی وہ مقدس، پُروقار اور تاریخی وادی ہے جہاں قدرت نے حسن، خاموشی، وقار اور تاریخ کو ایک ہی سانس میں سمو دیا ہے، یہ وہ سرزمین ہے جہاں صدیوں پرانے صنوبر کے درخت آج بھی وقت، تہذیب اور قومی شناخت کی گواہی دیتے کھڑے ہیں، یہ وہ مقام ہے جہاں بابائے قوم محمد علی جناح نے اپنی زندگی کے آخری ایام گزار کر قوم کو صبر، حوصلے اور استقامت کا پیغام دیا اور جہاں قائم قائد اعظم ریزیڈنسی محض ایک عمارت نہیں بلکہ نظریۂ پاکستان کی زندہ علامت ہے، زیارت کی فضائیں قومی یکجہتی کا درس دیتی ہیں، اس کے پہاڑ غیرت اور خودداری کی تصویر ہیں، اس کے جنگلات سبز ہلالی پرچم کی مانند امید اور زندگی کی علامت ہیں مگر آج یہی زیارت گیس اور بجلی کی طویل بندش، بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی، جنگلات کی بے دریغ کٹائی اور جنگلی حیات کے سنگین خطرات کا سامنا کر رہی ہے، شدید سردیوں میں جب درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے چلا جاتا ہے تو گیس کی عدم فراہمی عوام کو لکڑی جلانے پر مجبور کر دیتی ہے، بجلی کی لوڈشیڈنگ تعلیمی اداروں کو اندھیروں میں دھکیل دیتی ہے، ہسپتالوں میں علاج معالجہ متاثر ہوتا ہے، کاروبار مفلوج ہو جاتے ہیں اور نوجوانوں کے خواب بجھنے لگتے ہیں، اگر ریاست واقعی ترقی اور انصاف پر یقین رکھتی ہے تو اسے زیارت جیسے تاریخی اور سیاحتی ضلع کو فوری اور مستقل بنیادوں پر گیس اور بجلی فراہم کرنا ہوگی کیونکہ توانائی کی بحالی صرف سہولت نہیں بلکہ جنگلات کے تحفظ کی پہلی دیوار ہے، زیارت کے صنوبر کے جنگلات دنیا کے قدیم ترین جنگلات میں شمار ہوتے ہیں، بعض درخت ہزاروں سال سے کھڑے ہیں جو نہ صرف کاربن جذب کر کے ماحولیاتی توازن برقرار رکھتے ہیں بلکہ آکسیجن فراہم کرتے، زمین کو کٹاؤ سے بچاتے اور بارشوں کے نظام کو متوازن رکھتے ہیں، یہ جنگلات پاکستان کے ماحولیاتی دفاعی حصار کی حیثیت رکھتے ہیں، اگر یہ سبز حصار ٹوٹ گیا تو موسمی شدت بڑھے گی، خشک سالی اور سیلاب میں اضافہ ہوگا، سیاحت ختم ہو جائے گی، روزگار کے مواقع کم ہوں گے اور قومی معیشت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچے گا، زیارت کی جنگلی حیات جیسے مارخور، لومڑی اور نایاب پرندے انہی جنگلات میں سانس لیتے ہیں اور جنگلات کی کٹائی ان کے مسکن کو تباہ کر کے حیاتیاتی تنوع کو ختم کر رہی ہے، ایک درخت کا گرنا صرف لکڑی کا گرنا نہیں بلکہ ایک مکمل ماحولیاتی نظام کا ٹوٹ جانا ہے، اس سنگین صورتحال سے نمٹنے کے لیے سخت قانون سازی ناگزیر ہے جس کے تحت غیر قانونی کٹائی پر بھاری جرمانے اور قید کی سزا دی جائے، ڈرون اور سیٹلائٹ کے ذریعے نگرانی کا جدید نظام قائم کیا جائے، جنگلات کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیک پوسٹیں بنائی جائیں، لکڑی کی غیر قانونی ترسیل پر مکمل پابندی عائد کی جائے، ہر یونین کونسل میں کمیونٹی فارسٹ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں، اسکولوں اور کالجوں میں شجرکاری کو نصاب کا حصہ بنایا جائے، ہر شہری کے لیے سالانہ درخت لگانا اور اس کی حفاظت قومی ذمہ داری قرار دی جائے، متبادل ایندھن جیسے سولر ہیٹر، بایو گیس پلانٹس اور ایل پی جی پر سبسڈی دی جائے تاکہ لوگ لکڑی جلانے پر مجبور نہ ہوں، حکومت زیارت کے جنگلات کو خصوصی قومی ورثہ قرار دے کر خصوصی فنڈ قائم کرے، محکمہ جنگلات کی سالانہ کارکردگی رپورٹ عوام کے سامنے لائی جائے، مقامی نوجوانوں کو فارسٹ گارڈز کے طور پر بھرتی کر کے روزگار اور نگرانی کو یکجا کیا جائے، ماحولیاتی عدالتوں میں فاسٹ ٹریک نظام قائم ہو تاکہ مجرم سزا سے نہ بچ سکیں، سیاحتی آمدنی کا ایک حصہ جنگلات اور جنگلی حیات کی بحالی پر خرچ کیا جائے اور قبائلی عمائدین و سماجی رہنماؤں کو ساتھ ملا کر اجتماعی ذمہ داری کا شعور اجاگر کیا جائے کیونکہ زیارت کی بقا پاکستان کی بقا ہے، اس کے درخت ہماری سانسیں ہیں، اس کی وادیاں ہماری تاریخ ہیں اور اس کی خاموش فضائیں ہماری قومی روح کی آواز ہیں، اگر آج ہم نے گیس اور بجلی بحال نہ کی، جنگلات نہ بچائے اور جنگلی حیات کا تحفظ نہ کیا تو آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی، اب وقت آ چکا ہے کہ ہم متحد ہو کر یہ اعلان کریں کہ زیارت کو اندھیروں میں نہیں چھوڑا جائے گا، گیس بحال ہوگی، بجلی فراہم ہوگی، درخت بچیں گے، جنگلی حیات محفوظ ہوگی اور پاکستان اپنی اس عظیم قدرتی اور تاریخی میراث کو ہمیشہ کے لیے محفوظ رکھے گا

ضلع زیارت کی بقا کا تاریخی معرکہ: گیس اور بجلی کی فوری بحالی، جنگلات اور جنگلی حیات کا مکمل تحفظ

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Install App

By installing our application, you can access our content faster and easier.

Login

Daily Sahafat Quetta Log in or create an account now to benefit from its privileges, and its completely free.!

Follow us