کاروباری ماحول سازگار بنائے بغیر معاشی استحکام ناممکن ہے، کاشف حیدری
تاجروں کو تحفظ اور سہولت نہ ملی تو سرمایہ کاری ڈوب جائے گی، ترجمان مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان
ن لیگ علمدار روڈ کے وفد کی کاشف حیدری سے ملاقات، شہر کی صورتحال اور تاجروں کے مسائل پر تبادلہ خیال
کوئٹہ ( ) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری سے مسلم لیگ (ن) علمدار روڈ کے صدر ڈاکٹر عباس ہزارہ اور قبائلی رہنما حاجی محمد علی چنگیزی نے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں شہر کی مجموعی صورتحال، امن و امان، تاجروں کو درپیش مسائل، مہنگائی، ٹیکسوں کے اضافی بوجھ اور کاروباری سرگرمیوں میں حائل رکاوٹوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر کاشف حیدری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری ماحول سازگار بنائے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں ہے، امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث تجارت نہایت مشکل اور غیر یقینی ہوتی جا رہی ہے جس سے نہ صرف تاجر برادری بلکہ عام شہری بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں اور مقامی معیشت جمود کا شکار ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کا بنیادی نظریہ اور عملی مؤقف یہ ہے کہ تاجروں اور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جائیں، انہیں دفاتر کے غیر ضروری چکروں، طویل انتظار اور پیچیدہ طریقہ کار میں الجھانے کے بجائے متعلقہ ادارے خود متحرک ہوں اور زمینی سطح پر فوری اور مؤثر اقدامات کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کاروباری طبقے کو تحفظ، سہولت اور اعتماد کا ماحول فراہم نہ کیا گیا تو سرمایہ کاری متاثر ہوگی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوگا، اس لیے ضروری ہے کہ تمام متعلقہ حلقے سنجیدگی کے ساتھ بیٹھ کر دیرپا اور قابلِ عمل حکمت عملی ترتیب دیں۔ ملاقات کے اختتام پر شہر اور تاجر برادری کے مفاد میں باہمی رابطوں اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
کاروباری ماحول سازگار بنائے بغیر معاشی استحکام ناممکن ہے، کاشف حیدری



