Banner

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا پنجگور دورہ، شاہو قلندر مزار کی بحالی کا افتتاح

featured
Share

Share This Post

or copy the link

پنجگور: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ حکومت صوبے کے تاریخی و ثقافتی ورثے کے تحفظ، خواتین کو بااختیار بنانے اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے مربوط اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات پنجگور کے دورے کے دوران مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح اور ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) ہیڈکوارٹر پنجگور رائفلز میں منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیر اعلیٰ نے صوفی بزرگ شاہو قلندر کے مزار کی بحالی و تزئین و آرائش کا افتتاح کیا، جو طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار تھا۔ اس منصوبے کے لیے حکومت بلوچستان نے 18 ملین روپے کے خصوصی فنڈز فراہم کیے جبکہ اس کی تعمیر و بحالی کی ذمہ داری ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کو سونپی گئی، جس نے والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کی تکنیکی معاونت سے اسے اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا۔

انہوں نے منصوبے کی بروقت تکمیل پر ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے ایک مثالی اقدام قرار دیا اور کہا کہ خدابادان فورٹ (پنجگور) اور پنوں فورٹ (تربت) سمیت دیگر تاریخی مقامات کی بحالی کی ذمہ داری بھی اسی ادارے کو دی جا رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شاہو قلندر مزار کی بحالی سے نہ صرف ایک روحانی مرکز کو نئی زندگی ملی ہے بلکہ صوبے کے ثقافتی ورثے میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

دورے کے دوران انہوں نے ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) پرواز فاؤنڈیشن کے تحت وویمن اسکل ڈویلپمنٹ سنٹر (WSDC) کا افتتاح بھی کیا، جس کا مقصد خواتین کو ہنرمند بنا کر معاشی طور پر خودمختار کرنا ہے۔ اس مرکز میں آئی ٹی، سلائی کڑھائی، آرٹ ورک، بنیادی طبی سہولیات اور مذہبی تربیت سمیت مختلف کورسز کرائے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں 300 طالبات زیرِ تعلیم ہیں جبکہ مزید 280 کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے سنٹر کی بہتری کے لیے فیکلٹی کے لیے 10 لاکھ روپے اور انتظامی امور کے لیے 5 لاکھ روپے ماہانہ فنڈز دینے کا اعلان کیا جبکہ آئی ٹی لیب میں خواتین کی گنجائش 20 سے بڑھا کر 100 کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

پنجگور رائفلز ہیڈکوارٹر میں کھلی کچہری کے دوران وزیر اعلیٰ نے عوامی مسائل براہ راست سنے اور فوری حل کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے زیتون آئل پلانٹ کے قیام، شہریوں کے لیے دو گرین اور ایک پنک بس کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔

مزید برآں، انہوں نے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج خدابادان کی مرمت کے لیے 10 ملین روپے کی منظوری دی، بارڈر کراسنگ پر ایف آئی اے امیگریشن ڈیسک کے قیام کی ہدایت دی اور یونیورسٹی آف مکران پنجگور کیمپس کے مسائل کے حل کے لیے محکمہ تعلیم کو فوری اقدامات کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان ترقیاتی عمل کو تیز کرتے ہوئے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا پنجگور دورہ، شاہو قلندر مزار کی بحالی کا افتتاح

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Install App

By installing our application, you can access our content faster and easier.

Login

Daily Sahafat Quetta Log in or create an account now to benefit from its privileges, and its completely free.!

Follow us