عارف حبیب گروپ کا پی آئی اے کے باقی 25 فیصد شیئرز بھی خریدنے کا اعلان

featured
Share

Share This Post

or copy the link

عارف حبیب گروپ کا پی آئی اے کے باقی 25 فیصد شیئرز بھی خریدنے کا اعلان
کنسورشیم نے ذہن بنالیا اس نے 25 فیصد باقی ماندہ حصص بھی خریدنے ہیں، چیف ایگزیکٹو افسرعارف حبیب لمیٹڈ

عارف حبیب گروپ کنسورشیم نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) میں حکومت کے باقی ماندہ 25 فیصد حصص خریدنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد قومی فضائی کمپنی کا مکمل اختیار اس کے پاس آ جائے گا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق عارف حبیب لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر شاہد علی حبیب نے بتایا کہ ’کنسورشیم نے اپنا ذہن بنا لیا ہے کہ اس نے 25 فیصد باقی ماندہ حصص بھی خریدنے ہیں۔ ان کے مطابق اپریل میں یہ فیصلہ لینا ہے اور اس کے بعد بارہ مہینے میں اس کی ادائیگی کرنی ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ پی آئی اے کے سو فیصد حصص کی خریداری کے بعد یہ مکمل طور پر نجی حیثیت میں کام کر سکے گی یعنی ایئر لائن کا مکمل کنٹرول نجی شعبے کے پاس ہو گا اور ائیر لائن سرکاری نامزد ارکان سے آزاد ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں عارف حبیب کنسورشیم نے 135 ارب روپے کے عوض 75 فیصد حصص حاصل کیے تھے۔

حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی نجی کاری کا مقصد خسارے میں جانے والی فضائی کمپنی کو عملی تنظیمِ نو، طیاروں کے بیڑے میں توسیع اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی خدمات میں بہتری کے ذریعے منافع بخش بنانا تھا۔

گذشتہ دسمبر میں 75 فیصد حصص کی نجکاری کے بعد حکومت نے کنسورشیم کو باقی حصص کی خریداری کے لیے 90 روز کی مہلت دی ہے، جن کی مالیت تقریباً 45 ارب روپے بتائی گئی ہے اور آخری تاریخ اپریل کے اختتام پر مقرر ہے۔ جنوری میں طے پانے والے معاہدے کے تحت رقوم کی منتقلی کے لیے 12 ماہ کی مدت رکھی گئی ہے، جس سے اسے قابلِ عمل قرار دیا گیا ہے۔

کامیاب کنسورشیم میں فاطمہ فرٹیلائزر 34.1 فیصد، فوجی فرٹیلائزر کمپنی 33.9 فیصد، لیک سٹی 16 فیصد، اور دی سٹی اسکول کے ساتھ اے کے ڈی گروپ 16 فیصد شامل ہیں۔

شاہد علی نے بتایا پی آئی اے کی بہتری کے منصوبے میں سروسز جن میں سٹاف اور ٹکٹنگ کی بہتری اور سیفٹی اور سکیورٹی کو بہتر بنانا شامل ہے۔ اس کے علاوہ اچھے روٹس پر فلائٹ کی فریکوئنسی کو بھی بڑھانا پلان کا حصہ ہے۔

دسمبر میں پاکستان کی قومی فضائی کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی خریداری کے لیے عارف حبیب کنسورشیئم نے اوپن بڈنگ کے دوران 135 ارب روپے کی بولی لگائی تھی جو کہ کامیاب ہوئی تھی۔

پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کے دوران عارف حبیب اور لکی گروپس کے درمیان اوپن بڈنگ کا مرحلہ ہوا جس دوران عارف حبیب گروپ سمیت چار کمپنیوں کے کنسورشیئم کی جانب سے سب سے زیادہ 135 ارب روپے کی بولی لگائی گئی۔

عارف حبیب کنسورشیئم میں عارف حبیب لمیٹڈ، فاطمہ فرٹیلائزر، سٹی اسکول اور لیک سٹی ہولڈنگز شامل ہیں۔

اس سے قبل تین گروپس نے بولیاں جمع کرائی تھیں۔ براہ راست نشر کی گئی تقریب میں جو پہلی بولی کھولی گئی وہ لکی گروپ کی جانب سے دی گئی تھی۔ اس گروپ نے پی آئی اے خریدنے کے لیے 101.5 ارب روپے کی بولی دی تھی۔

اس کے علاوہ ایئر بلیو نے 26.5 ارب روپے کی بولی جمع کرائی ہے۔ جبکہ تیسری اور آخری بولی عارف حبیب گروپ اور ان کی ساتھی کمپنیوں کی تھی جو سب سے زیادہ 115 ارب روپے کی رہی تھی۔

حکومت پاکستان کی جانب سے پی آئی اے کی فروخت کے لیے کم سے کم قیمت 100 ارب روپے مقرر کی گئی تھی۔

دوسرے مرحلے میں عارف حبیب گروپ اور لکی گروپ کے درمیان اوپن بڈنگ ہوئی۔ اس مرحلے میں بولی کا آغاز 115 ارب روپے سے ہوا اور کم سے کم 25 کروڑ روپے کا اضافہ کیا جا رہا تھا۔ اس دوران بھی سب سے زیادہ بولی عارف حبیب کنسورشئیم نے 135 ارب روپے کی لگائی جو حتمی ثابت ہوئی۔

اس سے قبل مشیر نجکاری محمد علی نے بتایا تھا کہ اوپن بڈنگ کے دوران سب سے زیادہ بولی دینے والا گروپ کامیاب تصور کیا جائے گا۔

نجکاری کمیشن کے ترجمان نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا تھا کہ کامیاب گروپ کو پی آئی اے کے 75 فیصد حصص فروخت کیے جائیں گے تاہم کامیاب بولی دہندہ کے پاس بقیہ 25 فیصد حاصل کرنے کا بھی موقع ہوگا۔

خیال رہے کہ پاکستان کی موجودہ حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی نجکاری کی یہ دوسری کوشش تھی۔

سنہ 2024 میں اس سلسلے میں پہلی کوشش اس وقت ناکام ہوئی تھی جب قومی ایئرلائن کی خریداری کے لیے صرف ایک کمپنی کی جانب سے صرف دس ارب روپے کی بولی لگائی گئی تھی جبکہ حکومت نے اس کی کم از کم قیمت 85 ارب روپے مقرر کی تھی۔

عارف حبیب گروپ کا پی آئی اے کے باقی 25 فیصد شیئرز بھی خریدنے کا اعلان

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Install App

By installing our application, you can access our content faster and easier.

Login

Daily Sahafat Quetta Log in or create an account now to benefit from its privileges, and its completely free.!

Follow us